جماعت اسلامی نے اپنا دھرنا موخر ، نئی تاریخ کا اعلان
لاہور: جماعت اسلامی نے کل ڈی چوک اسلام آباد میں ہونے والا اپنا دھرنا مؤخر کرتے ہوئے نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کی قیادت سے دھرنا موخر کرنے کی درخواست کی تھی جس کو قبول کرتے ہوئے جماعت اسلامی نے اپنا دھرنا موخر کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایام عاشورہ کے باعث دھرنے کی تاریخ بدلی ہے، اب دھرنا 26 جولائی کو ہو گا،کل 12 جولائی کو پورے ملک کے شہروں میں احتجاج ہو گااور کیمپ لگائے جائیں گے۔
جولائی 14 کو مختلف شہروں میں دھرنے دینگے اور 24 جولائی کو مختلف شہروں سے قافلے اسلام آباد کی طرف رخت سفر باندھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اضافے نے پورے پاکستان کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ حکومت نے کسی کو نہیں چھوڑا متوسط طبقے سمیت تاجربھی پریشان ہیں۔آنے والے دنوں میں بدترین حالات ہونے جارہے ہیں۔ کمرشل صارفین کے لئے 8 روپے فی یونٹ بجلی کے نرخ بڑھا دئیے گئے ہیں، رہائشی علاقوں کو بھی ریلیف نہیں مل رہا سمجھ نہیں آہی معاشی بہتری کیسے آئے گی؟
حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر چل رہی ہے ، ان کے کسی اعلان کی کوئی اہمیت نہیں ہے، پی ڈی ایم نے ریلیف کا اعلان کیا لیکن آئی ایم ایف کے منع کرنے پر ریلیف دوبارہ واپس لے لیا گیا۔ بجٹ میں 25 فیصد انتظامی اخراجات بڑھا دئیے گئے قوم حکمرانوں سے سوال کرتی ہے کہ یہ اپنے اخراجات کو کم کیوں نہیںکرتے، روزانہ 56 ارب روپے سے زائد قرض لیا جارہا ہے، قرضوں میں جکڑی قوم کیپسٹی چارجز کے نام پر آئی پی پیز کو 42 ارب ڈالرز ادا کر چکی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں ہمارے کارکن موجود ہیں، علما کرام نے ہم سے گزارش کی کہ دھرنے کا وقت تبدیل کر کے عاشورہ کے بعد رکھ لیا جائے، امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر ہم نے اجلاس بلایا اور اس بات پر اتفاق رائے کیا کہ دھرنے کا وقت تبدیل کر کے عاشورہ کے بعد رکھ لیا جائے۔ ہمیں دھرنے کی تیاری کرنے کا کچھ اور وقت مل گیا ہے، اب ہم اور زیادہ تیاری اور بھرپور طریقے سے اسلام آباد کا رخ کریں گے۔