آئی ایس آئی کو فون ٹیپنگ کی اجازت بنیادی حقوق کے خلاف ہے:حافظ نعیم
لاہور :جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ آئی ایس آئی کو فون ٹیپنگ کی اجازت دینا پاکستانیوں کے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ انگریز کے ایجنٹوں اور جمہوریت کے جعلی دعویداروں سے ملک کو آزاد کروا کر دم لیں گے۔ انسان کی نجی زندگی میں اداروں کی مداخلت انصاف کے منافی ہے۔ آئی ایس آئی فون ٹیپ کرنے کی اجازت ملنا پاکستانیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ مہنگی بجلی اور ناجائز ٹیکسز کے خلاف 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا ہو گا۔ بونیر کے عوام اور بالخصوص پورے پاکستان کے نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے حقوق کے لیے دھرنے میں شرکت کریں۔ اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی جماعت اسلامی ہر شعبے میں عوام کی خدمت کر رہی ہے۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے پیش نظر فون ٹیپنگ کی حمایت کرتا ہوں۔ ابھی فون ٹیپنگ کے معاملے کے قانونی مراحل طے ہونے باقی ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ماضی کے بانی پی ٹی آئی کے فون ٹیپنگ کے حوالے سے بیانات سن لیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ میرے فون بھی ٹیپ ہوتے ہیں اور ہونے چاہئیں۔ اس وقت ان کا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات ٹھیک چل رہے تھے۔ آج ان کے فالورز کو وہی بات نفرت انگیز کیوں لگ رہی ہے جس کی حمایت بانی پی ٹی آئی نے کی تھی۔