عدالت نے جناح ہاؤس حملہ سمیت تین مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت مسترد کر دی
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کے تین مقدمات میں عبوری ضمانت مسترد کر دی۔ یہ مقدمات جناح ہاؤس، عسکری ٹاور، اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سے متعلق تھے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے آج فیصلہ سنایا۔ تین روز قبل، عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
سرکاری وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی گرفتاری تفتیش کے لیے ضروری ہے۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور انہیں عدت نکاح کیس میں سزا ہوئی ہے۔
گزشتہ دنوں ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں بھی مسترد کر دی تھیں۔
عدالت کے فیصلے کے بعد عمران خان کے وکلاء نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔