امریکہ کی سانحہ 9 مئی کی سخت الفاظ میں مذمت
واشنگٹن: امریکا نے بھی 9 مئی کو پاکستان میں ہونے والے جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مار کے واقعات کی مذمت کی ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان، میتھیو ملرسے پاکستان میں 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے حوالے سے سوال کیا گیا۔سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوٹ مار اور جلاؤ گھیراؤ کو پرامن احتجاج نہیں کہا جا سکتا اور ایسے پرتشدد واقعات کی ہم سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آزادی اظہار رائے اور پرامن احتجاج کے حق کی حمایت کرتے ہیں لیکن پرتشدد مظاہروں کی مخالفت کرتے ہیں۔ احتجاج کو ہمیشہ پرامن طریقے سے ہونا چاہیے اور قانون کی عملداری کا احترام کیا جانا چاہیے۔ حکومتوں کو پرتشدد واقعات سے قانون کے مطابق نمٹنا چاہیے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردی کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔ خطے کی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنا مشترکہ مفاد ہے۔ امریکا متعدد پاکستانی سویلین اداروں کے ساتھ شراکت داری کرتا ہے اور حکومت پاکستان کے ساتھ باقاعدگی سے اپنی استعداد بڑھانے اور علاقائی سلامتی مستحکم کرنے کے مواقع کی نشاندہی کرتا ہے۔