تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ باجوڑ میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پرجانے والی پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 5 اہلکار شہید ہو گئے ہیں جبکہ 10 اہلکار زخمی ہوگئے، بتایا گیا ہے کہ دھماکہ باجوڑ کے علاقے تحصیل ماموند بیلوٹ کے علاقے میں ہوا ہے۔
پولیس اہلکارپولیو ٹیم کی سیکورٹی کیلئے جارہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی دھماکے کی زد میں آگئی، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔زخمیوںاور لاشوں کو خار ہسپتال منتقل کیا۔ بتایا گیا کہ دھماکے کے بعد خار کے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
دھماکے کی نوعیت کا اندازہ فوری طور پر نہیں لگایا جا سکا۔ اس حوالے سے نگران وزیر اعظم انوارلحق کاکڑ کا بھی موقف سامنے آگیا ہے۔نگراں وزیراعظم نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو دعائیہ الفاظ میں یاد کیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کی۔ انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔