پی ٹی آئی بلے کا نشان واپس لینے کے لیے سپریم کورٹ پہنچ گئی، پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ انٹراپارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کے معاملے پر پی ٹی آئی نےپشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے بیرسٹر گوہر علی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق درخواست میں سپریم کورٹ سے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے، بتایا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست کو کل سماعت کیلئے مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے جج نے قانون کی غلط تشریح کی ہے جس کے باعث تحریک انصاف کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے ، چھبیس دسمبر 2023کو عارضی ریلیف دیا گیا تھا، ہم نے پشاور ہائیکورٹ کو بتایا تھا کہ بلے کا نشان نہ ملنے سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔
واضح رہے پشاور ہائی کورٹ نے 26 دسمبر کو پی ٹی آئی کی درخوست پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا تھا، الیکشن کمیشن نے انکو سننے بغیر عدالت کی جانب سے حکم امتناع جاری کرنے پر اعتراض کیا تھا، اسکے بعد عدالت نے حکم امتناع واپس لینے کے بعد الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا فیصلہ بحال کر دیا تھا۔ جسکے مطابق پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انتخابی نشان واپس لے لیا گیا تھا۔