اہم پی ٹی آئی رہنما کا عدالت نے جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ہو گیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے فواد چوہدری کے خلاف کیس کی سماعت کی ہے، اسپیشل پراسیکیوٹر عرفان بھولا، سہیل عارف اور تفتیشی افسر بھی عدالت میں پیش ہوئے، فواد چوہدری کی جانب سے ان کے وکیل فیصل فرید چوہدری اور دیگر بھی عدالت پیش ہوئے جہاں دوران سماعت پراسیکیوٹر نے عدالت سے کہا کہ 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا تھی لیکن 10 دن کا دیا گیا، اس موقع پر مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی گئی، آٹھ کنال اراضی فواد چوہدری کے نام منتقل ہوئی۔
اس حوالے سے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق ادائیگی ٹھیکیدار نے کی ہے۔ فواد چوہدری اپنی ادائیگی کے ثبوت دینا چاہتے ہیں جو ابھی نہیں دیئے، اس کے لیے مزید تفتیش کرنا باقی ہے، پراسیکیوٹر نے بتایا کہ متعلقہ ٹھیکیدار اور ایکسیئن کو 2 جنوری کو بلایا ہے، مختلف ریکوری بھی کرنی ہے،جس کے لیے مزید دس دن کا ریمانڈ دیا جائے، مشکوک ٹرانزکشنز سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرنا ہوں گے۔