کورونا کا ایک اور حملہ، کورونا کے ایک نئے ویرینٹ کی تصدیق ہو گئی۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق 41 ممالک میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کی تصدیقی و تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کویت او رمصر میں بھی کورونا کے نئے ویرینٹ کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
پاکستانی نجی ٹی وی چینل کے مطابق کویت اور مصر میں کورونا کے نئے ویرینٹ کے حوالے سے دونوں ملکوں کی وزارت صحت کی جانب سے بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق کورونا کے نئے ویرینٹ کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کورونا کے نئے ویرینٹ جے این ون کے متعدد کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ترجمان کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کوروناکے نئے ویرینٹ سے متعلق تشویش کی کوئی بات نہیں ہے، اگر کوئی کورونا وائرس کا شکار ہوتا ہے تو احتیاطی تدابیر پر عمل کرے۔اس حوالے سے مصری وزارت صحت نے کہا کہ کورونا کے ویرینٹ جے این ون میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی حالت اب بہتر ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق 41 ممالک میں کورونا کے اس ویرینٹ کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسکے علاوہ اطلاعات آ رہی ہیں کہ امریکہ میں بھی کورونا کی جے این ون قسم تیزی سے پھیل رہی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق کورونا کے نصف فیصد کیسز جے این ون قسم کے سبب ہیں، یاد رہے جے این ون قسم ستمبر میں پہلی بار سامنے آئی تھی۔