کراچی میں ٹارگٹ کلنگ پھر سے سر اٹھانے لگی ہے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات تھم نہ سکے جس کے سبب ایک اور شخص اپنی زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے کورنگی ضیا کالونی میں پیش آیا۔ یہاں ایک شخص کو فائرنگ کر کے جان سے مار دیا گیا۔
ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان آتے ہیں اور ایک شہری کو قتل کرنے کے بعد باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔ شہریوں نے کراچی میں دوبارہ سے ٹارگٹ کلنگ کے سر اٹھاتے اس خطرے کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے لانڈھی کے ایک گھر میں گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لانڈھی چار نمبر میں شاہی مسجد کے قریب واقع گھر میں زوردار دھماکا ہوا جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا گیا۔ لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ دھماکا گیس لیکیج کے سبب ہوا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس اور امدادی ادارے نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ جائے حادثہ پر شواہد جمع کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔