عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہونے کے باوجود پاکستان میں یکم جنوری سے پٹرول سستا ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 1 روپے 72 پیسے سستا ہونے کا امکان ہے۔ پٹرول کی قیمت میں کمی کے باوجود ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے فی لیٹر کی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا فیصلہ 31 دسمبر کی رات کیا جائے گا اور نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری رات 12 بجے سے ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 265.62 روپے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت متوقع اضافے کے بعد 277.21 روپے ہونے کا امکان ہے۔ البتہ واضح رہے کہ ملک بھر میں سال 2023 میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 116 روپے 58پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق سال 2023 میں باوجود اسکے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم رہی آئی ایم ایف شرائط کے تحت لیوی میں اضافے اور انٹرنیشنل منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کا بڑھنا پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات میں سے ایک ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 116 روپے 58 پیسے تک اضافہ ہوا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں فی لیٹر 30 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ ڈیزل 30 اور پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 10 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مزید یہ کہ اس وقت ڈیزل اورپیٹرول کے فی لیٹر پر60، 60 روپے کے حساب سے لیوی عائد ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں نے سولہ ستمبر کوپاکستان میں نگران حکومت کی موجودگی میں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو جا چھویا۔ جس وقت فی لیٹر پیٹرول کی قیمت سب سے زیادہ 331 روپے 38 پیسے اور فی لیٹر ڈیزل کی قیمت سب سے زیادہ 329 روپے 18 پیسے ہوگئی تھی۔