ملک بھر میں الیکشن کی تیاریاں جاری ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا چکے ہیں ایسے میں ایک دلچسپ صورتحال بھی دیکھنے میں آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے صوبائی حلقے پی بی 4 بارکھان کی نشست پر ایک باپ اور بیٹا آمنے سامنے آگئے ہیں۔ سردار عبد الرحمان کھیتران کے مقابلے میں ان کے بیٹے نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔ عبدالانعام شاہ کھیتران نے پاکستان پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ سردارعبدالرحمان کھیتران ن لیگ کی ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے امیدواروں کی سہولت کے لیے آن لائن سہولت کے مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ترجمان اکیکشن کمیشن کا کہنا ہے آن لائن سہولت دفتر سیکرٹریٹ میں میں بنایا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نیب، ایف آئی اے، ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کی باہمی معاونت سے بننے والا آن لائن سہولت مرکز 24 گھنٹے کام کرتا رہے گا ۔ دفتر سے امیدواران کے کوائف ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کو بھجوائے جانے کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ سیکریٹری پاور ڈویژن اور سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن کو ریٹرننگ افسران سے امیدواران کی فہرستیں حاصل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سیکریٹری نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن اور سیکریٹری ہاؤسنگ بھی ریٹرننگ افسران سے امیدواروں کی فہرستیں حاصل کریں، الیکشن کمیشن کی جانب سے چاروں چیف سیکریٹریز اور چیئرمین سی ڈی اے کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ریٹرننگ افسران سے امیدواران کی فہرستیں حاصل کر لیں۔