پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے پاکستان میں ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار کے 100 فیصد حصص خریدنے کا اعلان کردیا ہے۔ یاد رہے کہ ٹیلی نار پاکستان نے کاروبار کرنے کی بڑھتی ہوئی لاگت کے درمیان گزشتہ سال سے ملک چھوڑنے کا عندیہ دیا تھا۔ پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹیلی نار پاکستان کے 100 فیصد حصص کی خریداری کا معاہدہ طے پاگیا ہے، 100 فیصد حصص کی خریداری 108 ارب روپے میں ہوگی۔
ٹیلی نار خریدنے کے بعد پی ٹی سی ایل پاکستان کا سب سے بڑا موبائل آپریٹربن جائے گا۔ ٹیلی نار کے پاکستان میں 45 ملین صارفین ہیں۔ٹیلی نار گروپ نے ٹیلی نار پاکستان پی ٹی سی ایل کو 5 ارب 30 کروڑ ناوریجین کرون میں بیچا ہے۔ٹیلی نار پاکستان کی فروخت میں 3 ارب 50کروڑ ناوریجین کرونی انٹرا کمپنی قرض بھی شامل ہے۔ اس رقم میں ایک ارب 80 کروڑ نارویجین کرون سود اور واجبات بھی شامل ہیں۔
پی ٹی سی ایل نے جولائی 2022 میں ٹیلی نار پاکستان کمپنی کی خریداری کے لیے ریویو شروع کیا تھا۔ جبکہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار موبائل کمپنی 108 ارب روپے میں خریدی ہے۔ ٹیلی نار پاکستان کے تقریبا 45 ملین کسٹمرز اور 112 ارب روپے کا سالانہ ریونیو ہے۔