سونے کی فی تولہ قیمت میں آج 5 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں 24 قیراط فی تولہ سونا 5 ہزار 700 روپے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 18 ہزار 300 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ 10 گرام سونا 4 ہزار 887 روپے مہنگا ہو کر ایک لاکھ 87 ہزار 157 روپے کے ریٹ پر فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب انٹرنشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد کل سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ پاکستان میں بھی 16 دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اوگرا ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 دسمبر کے بعد آئندہ 15 دنوں کیلئے ڈیزل کی قیمت میں 12روپے جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10روپے کمی کا امکان ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 7روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 13روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ نگران وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے فائدہ اٹھانے کیلئے متعدد تجاویز پر غور کر رہی ہے۔