نگران پنجاب حکومت نے طالباء کو الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی ئی سکیم کے تحت یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ کو قرعہ اندازی کے ذریعے رعایتی قیمت پر الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔ بینک آف پنجاب اس حوالے سے صوبائی حکومت کو مالی معاونت فراہم کرے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ کو بجلی سے چلنے والی بائیکس دینے کا اعلان کرنے کے بعد سکیم کا فارمولہ تیار کیا گیا ہے، اس فارمولے کے تحت پہلے مرحلے میں صرف یونیورسٹیوں اور کالجز کے طالباء کے لیے سکیم متعارف کروائی جائے گی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ کی زیر صدارت 11 رکنی ذیلی کمیٹی اس پر کام کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوری 2024 میں اس سکیم کے منظور ہونے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے قابل عمل تجویز حتمی منظوری کیلئے نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کو بھیجوائی جائیں گی اور نگران وزیراعلیٰ اس حوالے سے حتمی منظوری کابینہ سے لیں گے، اس سکیم کا اصل مقصد ماحول کو بچانے کا اقدام کرنا ہے کیوں کہ جتنے زیادہ لوگ الیکٹرک بائیکس پر کالجز اور یونیورسٹیز جائیں گے، اسی تناسب سے دیگر ٹرانسپورٹ ذرائع کم ہوں گے۔