پاکستان تحریک انصاف نے مکمل یکسوئی سے انتخابات کی تیاریوں کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تنظیمی ڈھانچوں کو انتخابات مدِنظر رکھ کر ہی تمام تر سیاسی سرگرمیاں ترتیب دینے کی خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل ”لانگ مارچ“ کی کوئی ضرورت ہے نہ تحریک انصاف نے ایسا کوئی فیصلہ کیا ہے، قومی انتخابات سب سے بڑی اور اہم ترین سیاسی سرگرمی ہے جس کے لئے ہمہ جہت اور موزوں ترین تیاریاں درکار ہیں، کارکنان کور کمیٹی کی جانب سے تنظیمی ڈھانچوں کو دیے گئے اہداف کے تحت ملک بھر میں قومی انتخابات کی بھرپور تیاریاں یقینی بنائیں گے۔
ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کسی قسم کی اشتعال انگیزی، تشدد اور ریاستی اداروں کیخلاف مہم جوئی کی حوصلہ افزائی کرتی ہے نہ یہ ہمارے فلسفۂ و جدوجہد سے مطابقت رکھتا ہے، بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا سیاسی سفر عدمِ تشدد، قانون کی حکمرانی اور پرامن سیاسی جدوجہد کی تابناک مثال ہے۔ تحریک انصاف پرامن سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے ماورائے آہین و قانون یا پرتشدد ذرائع اور وسائل پر یقین رکھتی نہ کسی کو اپنے پلیٹ فارم سے ایسی کسی کوشش کی اجازت دیں گے۔
ترجمان تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف اداروں خصوصاً افواجِ پاکستان کے آئین کی حدود و قیود میں کردار کی قائل ہے، ”ملک بھی میری، فوج بھی میرے اور قوم بھی میری“ کا بانی چیئرمین عمران خان کا ویژن کشیدگی اور تصادم کا نہیں، کامل تہذیب، شائستگی اور آئین و قانون کے تابع رہ کر ملکی تعمیر و ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کا پرامن لائحۂ عمل ہے، تمام تر ظلم و بربریت اور لاقانونیت کے باوجود آئین و قانون کی پاسداری کرتے ہوئے ہر قسم کے اشتعال سے گریز کریں گے اور عوام کے ووٹ کے ذریعے ملک میں دستور و جمہوریت کی بحالی کا فریضہ سرانجام دیں گے۔