سٹاک مارکیٹ میں آج مثبت رجحان دیکھا گیا ہے جس کے دوران 290 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز بازارِ حصص میں مندی دیکھی گئی تاہم آج کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 296 پوائنٹس اضافے سے 66 ہزار 308 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 211 پوائنٹس کمی کے ساتھ 66 ہزار 12 پوائنٹس پر بند ہو گیا تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ انٹر بینک میں ڈالر 49 پیسے سستا ہو کر 283 روپے 40 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ ڈالر اور سونے کی قیمت میں کمی کے بعد 16 دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 16 دسمبر سے ہوگا۔ دوسری جانب سونا بھی سستا ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں سونے کی کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ صرافہ مارکیٹوں میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 1800 روپے کمی ہوئی ہے۔ سونے کی قیمت میں اس بڑی کمی کے بعد صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 2 لاکھ 13 ہزار 600 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 1543 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 83 ہزار 128 روپے پر آ گئی ہے۔