قومی کرکٹر فخر زمان نے انکشاف کردیا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9 ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے لیے کھیلیں گے یا نہیں۔ واضح رہے کہ پی ایل ایل سیزن 9 کیلئے تمام چھ فرنچائزز نے پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ 2024 سے قبل اپنی ٹریڈ اور کھلاڑیوں کی ریٹنشن کو حتمی شکل دے دی ہے جبکہ ڈرافٹ 13 دسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی، لاہور میں ہوگا۔
لاہور قلندرز نے گزشتہ دو سیزن کی موجودہ چیمپئن اور فاتح ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے۔ البتہ فخر زمان کو حیران کن طور پر ریلیز کردیا ہے۔ اس حوالے سے جب فخر زمان سے پوچھا گیا تو انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور قلندرز نے مجھے محض رسمی طور پر ریلیز کیا ہے لیکن میں لاہور قلندرز کے لیے کھیلنا جاری رکھوں گا۔ یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ پی ایس ایل کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ڈرافٹ کے دوران چھ ٹیموں میں سے ہر ایک ٹیم کے پاس رائٹ ٹو میچ کارڈ ہوتا ہے جس کے ذریعے وہ اپنے روسٹر سے رہائی پانے والے کسی بھی ایک کھلاڑی کا دوبارہ دعویٰ کر سکتے ہیں۔ اور اب واضح ہو گیا ہے کہ لاہور قلندرز فخر زمان کو واپس لے لی گی البتہ اس کیلئے لاہور قلندرز کو 10 ہزار ڈالر فیس دینا ہوگی۔