پاکستان میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ محکمہ او جی ڈی سی ایل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان کے صوبہ سندھ میں درس ویسٹ کنواں نمبر 2 کی 2081 میٹرکھدائی کی گئی۔ جہاں سے 360 بیرل یومیہ خام تیل دریافت ہوا ہے۔ او جی ڈی سی ایل کے مطابق تیل کے ساتھ ساتھ گیس کا بہت بڑا ذخیرہ بھی دریافت ہوا ہے اور اس کنویں سے یومیہ 85 لاکھ 10 ہزارمکعب فٹ گیس حاصل ہو سکے گی۔ نئی دریافت سے ملکی امپورٹ بل میں خاطرخواہ کمی آئے گی اور تیل و گیس خریدنے کیلئے استعمال ہونے والا زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔
دوسری جانب المی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر کر 6 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے جس کے بعد خام تیل کی قیمت 73.82 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں 33 سینٹ کی کمی ہوئی ہے اور قیمت 69.05 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے۔
خیال رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت گرنے کے سبب پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی متوقع ہے جبکہ ملکی ذخائر میں اضافے کی وجہ سے گیس کی کمی پوری کرنے میں مدد ملے گی اور قیمت بھی کم ہوگی۔