محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے موسم کی پیشگوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلودرہے گا ۔
اس دوران گلگت بلتستان ، چترال اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ /دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ۔
دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں کمی نہیں آ سکی ہے۔ لاہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 304ریکارڈ کی گئی ہے۔ ائیرکوالٹی انڈیکس 270ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا پہلا نمبر ہے۔ سموگ کے باعث شہریوں کو نزلہ، زکام، بخار اور گلے میں انفیکشن کی شکایات بڑھتی جارہی ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو اسموگ سے بچاؤ کیلئے گھر سے ماسک لگا کر نکلنے کی ہدایت کی ہے ادھر شدید دھند کے باعث پشاور سے رشکئی تک موٹروے بند کردی گئی جب کہ سندھ اور پنجاب کے کئی میدانی علاقے بھی دھند کی لپیٹ میں آگئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے بارش کے کوئی امکانات نہیں ہے۔