پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر اور عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت کو کارکنوں کے شدید احتجاج کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے باجوڑ ایجنسی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے لیے جانا تھا لیکن انہیں چکدرہ کے مقام پر سفر کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹویٹر اکاؤںت پر شیر افضل مروت کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے انتہائی شرمناک ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی رہنماوں کی گرفتاری اور اغواء کے واقعات فوری طور پر رک جانے چاہیئں۔
شیر افضل مروت کی گرفتاری کی خبریں سامنے آنے پر پارٹی کارکنان نے احتجاج کرتے ہوئے چکدرہ روڈ کو بند کردیا تھا اور ان کی رہائی تک دھرنے کا اعلان کیا۔ ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو سوات پولیس نے گرفتار کیا اور اس تمام کارروائی کی نگرانی ایک ڈی ایس پی نے کی تھی، انکی گرفتاری کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ لیکن کارکنان کے احتجاج کی وجہ سے پولیس نے شیر افضل مروت کو رہا کردیا۔