پشاور میں خاتون پر مبینہ طور پہ تشدد اور ہراساں کرنے کے الزام میں ایس ایس پی عارف خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی عارف خان کے خلاف مہوش نامی خاتون کی مدعیت میں تھانہ چمکنی میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس پی کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر کے متن میں خاتون کا کہنا ہے کہ ایس ایس ایس پی محمد عارف کے ساتھ 4 سال سے میرے شوہر کے خاندان کے تعلقات ہیں، پولیس افسر میرے گھر آکر مجھے اپنے شوہر سے طلاق لےکر خود سے شادی کرنے کا کہتا ہے، اس معاملے پر جب میں پولیس افسر کی بیوی سے شکایت کرنے گئی تو مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ متاثرہ خاتون پر تشدد ہوا ہے۔ ایف آئی آر میں 3 دفعات شامل کی گئی ہیں، ترجمان خیبرپختونخوا پولیس نے معاملے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اعلیٰ پولیس افسر کو فوری طور پر فیلڈ ڈیوٹی سے ہٹا کر سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ مبینہ الزامات کی چھان بین کے لیے باقاعدہ اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی مقرر کرکے اپنی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔