کراچی کنگز کے سابق کپتان عماد وسیم کے رخصت ہونے کے بعد کراچی کنگز نے ٹیم کے نئے کپتان کے تقرر کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز کے سابق کپتان شان مسعود اب کراچی کنگز کی قیادت کریں گے، اس حوالے سے جلد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن فائیو کی فاتح کراچی کنگز نے 13 دسمبر کو ہونے والے ڈرافٹ سے قبل ملتان سلطانز کے ساتھ ٹریڈ کی ہے۔
اس ٹریڈ میں پاکستان کے موجودہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود کراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل ہوں گے ہیں جبکہ ان کے بدلے میں کراچی کنگز نے بائیں ہاتھ کے سپنر فیصل اکرم کو ڈائمنڈ راؤنڈ میں پہلی اور سلور راؤنڈ میں پہلی پک کے ساتھ الوداع کردیا ہے۔ یاد رہے کہ شان مسعود نے ابتدائی طور پر 2018 کے پی ایس ایل سیزن کے دوران ملتان سلطانز میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2019ء میں کراچی کنگز کیخلاف اپنا پی ایس ایل کا ڈیبیو کیا تھا۔
پی ایس ایل سیزن نائن کا ڈرافٹ 13 دسمبر 2023ء کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا۔ پی ایس ایل 9 عارضی طور پر 8 فروری سے 24 مارچ 2024ء تک شیڈول ہے۔ اس سے قبل یہ اطلاع ملی تھی کہ دو ممالک پی ایس ایل 9 کے کچھ میچوں کی میزبانی کی دوڑ میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقہ پاکستان میں انتخابات کے باعث پی ایس ایل کے ابتدائی میچز کی میزبانی کر سکتے ہیں۔