وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کے لئے تاریخ ساز اقدام۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر45سال سے کاشتکاروں کو اراضی کی الاٹمنٹ کا رکا ہوا کام چند ماہ میں مکمل کرلیا گیا اور 27ہزار کاشتکاروں کو3لاکھ 44ہزار ایکڑ اراضی شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کر دی گئی ہے۔ چولستان کے کاشتکاروں کو اراضی کی الاٹمنٹ کے لئے وزیر اعلیٰ آفس میں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چولستان کے کاشتکاروں کو اراضی کی الاٹمنٹ کیلئے بٹن دبا کر کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27ہزار کاشتکاروں کو ساڑھے 12ایکڑ فی کس اراضی 5سال کی لیز پر دی جائے گی۔ 45برس بعد جنوبی پنجاب کے 3 اضلاع رحیم یار خان، بہاولنگر او ربہاولپور کے غریب کاشتکاروں کو ان کا حق دیا ہے۔ آج کا دن بہاولپور ڈویژن کے اور چولستان کے باسیوں کے لئے بہت اہم اور یاد گار دن ہے۔ بہاولپور، رحیم یارخان اور بہاولنگر کے بےزمین کاشتکاروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے اراضی کی الاٹمنٹ کی مبارکباد دیتا ہوں۔ جلد چولستان آ کرقرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکاروں کو الاٹمنٹ کے کاغذات دیں گے۔ فی کسان ساڑھے 12ایکڑ اراضی چولستان کے 27 ہزار کاشتکاروں کو ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو اراضی کی الاٹمنٹ کے پورے عمل کو انتہائی شفاف بنایا گیا ہے ا و رانتہائی سخت سکرونٹی ہوئی ہے۔ سکرونٹی کے عمل میں سیشن ججز، سرکاری حکام سمیت تمام متعلقہ لوگ شامل تھے۔ محسن نقوی نے کہا کہ 1978 سے چولستان کے لوگوں کے لئے اراضی کی الاٹمنٹ کا عمل زیرالتواء تھا۔ آج یہ الاٹمنٹ کا عمل مکمل ہوگیاہے اور اراضی الاٹمنٹ سے چولستان کے ہزاروں خاندانوں کو روز گار میسر ہوگا۔ انشاء اللہ اب چولستان کے پورے علاقے میں کاشتکاری ہوگی،ویران زمین سرسبز و شاداب ہوگی،نہری پانی بھی میسرہوگا۔ اراضی کی الاٹمنٹ کے لئے بہت معمولی سے ریٹ رکھے گئے ہیں۔ کاشتکار اس زمین کو اگلی فصل میں کاشت کریں گے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکرونٹی کے بعد 41841 درخواست دہندگان شارٹ لسٹ کئے گئے۔بہاولنگر، رحیم یارخان او ربہاولپور کے اضلاع میں 27ہزار افراد کوساڑھے 12ایکڑ اراضی کی ایک، ایک ا لاٹ5سال کی لیز پر دی جائے گی۔ صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے بھی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن، ممبر کالونیز بورڈ آف ریونیو، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ ا تھارٹی، ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، سیکرٹری نجکاری بورڈآف ریونیو، ممبر آئی ٹی بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ویڈیولنک کے ذریعے قرعہ اندازی کی تقریب میں شریک ہوئے۔