محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز اسلام آباد اور ے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں پشاور، چارسدہ،نوشہرہ ، مردان ، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد ہو گا۔ مری، گلیات اورگردو نواح میں موسم سرد رہے گا۔ تاہم صبح اور رات کے اوقات میں نارووال،سیالکوٹ، اوکاڑہ،ساہیوال ، گوجرانوالہ،لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال، ملتان، بہا ولپور، خان پور،رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور گر دو نواح میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں موسلادھار بارشوں کا نیا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ مملکت میں کئی علاقوں میں جمعہ کے روز تک موسلادھار بارشوں، ژالہ باری اور گرد و غبار کے طوفان کا امکان ہے جس کے بعد حکومت نے کچھ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے بدھ سے جمعے تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ شہریوں کے نام جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی افراد بارش سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پرعمل کریں اور خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں۔ سیلاب والے مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات کے قریب نہ جائیں۔