سول جج کی اہلیہ کی جانب سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والی کمسن ملازمہ رضوانہ صحتیاب ہوچکی ہے۔ گزشتہ روز رضوانہ کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیا گیا تھا۔ آج چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی تشدد کا شکار کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ سے ملاقات کی ہے۔
چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے بتایا ہے کہ تشدد کا شکار کمسن ملازمہ رضوانہ کو عدالتی حکم پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں منتقل کیا گیا تھا۔ رضوانہ کا چائلڈ پروٹیکشن سکول میں داخلہ کروا دیا گیا ہے۔ سارہ احمد نے بتایا ہے کہ کمسن بچی رضوانہ کی خواہش پر اس کو کوکنگ بھی سکھائی جائے گی۔ رضوانہ کی بہتر نگہداشت اور دیکھ بھال کیلئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں ۔
چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ بیورو میں رہائش پذیر بچوں کے ساتھ مل کر رضوانہ بہت خوش ہے۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل ایک سول جج کی اہلیہ نے اپنے گھر میں کام کرنے والی کمسن ملازمہ رضوانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور اسکا علاج بھی نہیں کروایا گیا جس کی وجہ سے بچی کے زخموں میں کیڑے پڑگئے تھے۔ اب رضوانہ روبہ صحت ہوچکی ہے۔