چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید نے بتایا ہے کہ آن لائن قرض دینے والی 150 غیر قانونی موبائل ایپلیکیشنز کو بند کرا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کے زیر اہتمام ایکسپو میں اسٹاکس، کموڈیٹیز اور میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری پر آگاہی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان عاکف سعید نے کہاکہ ایس ای سی پی نے ملک میں چلنے والی 150 غیر قانونی موبائل اپلیکیشنز بند کرا دی ہیں۔
عاکف سعید نے بتایا کہ یہ غیر قانونی ایپس صارفین کو ڈیجیٹل قرضے دینے کا غیر قانونی کاروبار کر رہی تھیں، سوشل میڈیا پر گمراہ کن سرمایہ کاری کی ایپس کے خلاف کارروائی کرتے رہیں گے، عوام سرمایہ کاری سے قبل ایس ای سی پی کی ویب سائٹس پر ضرور چیک کریں۔ ایس ای سی پی غیر قانونی سرمایہ کاری کے پلیٹ فارم سے مسلسل آگاہ کرتا رہتا ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک مین سینکڑوں قرض دینے والی ایپس چل رہی ہیں۔ یہ ایپلیکیشنز پرکشش قرضے دینے کا دعویٰ کرتی ہیں اور پھر معلمولی قرض بہت زیادہ سود پر دیتی ہیں۔ یہ ایپلیکیشن صارف کے موبائل کا ڈیٹا حاصل کرتی ہیں اور پھر صارفین کو مجبور اور بلیک میل بھی کیا جاتا ہے۔ کئی ایسے صارفین سامنے آچکے ہیں جنہوں نے محض 5000 روپے کے قرض کی مد میں 20 ہزار سے زائد سود ادا کیا اور اس کے باوجود انکا اصل قرض ابھی تک قائم ہے۔