سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان سائفر کیس سمیت مختلف مقدمات کی وجہ سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور انہوں نے اب اڈیالہ جیل سے قوم کے نام پیغام جاری کردیا ہے۔ عمران خان نے قوم کو پیغام دیا ہے کہ قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں آپ کا کپتان آخری سانس تک لڑنے کیلئے تیار ہے،ان کاکہناتھا کہ میں واضح کر رہا ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی۔ عمران خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں۔
عمران خان نے کہا کہ جیل میں مرنا قبول کرلوں گا لیکن ڈیل کر کے ملک چھوڑ کر نہیں جاؤں گا، نو مئی لندن پلان کا حصہ تھا، نوازشریف کا واپس آنا اور پاکستان تحریک انصاف ختم کرنا لندن پلان کا حصہ تھا۔ بشریٰ بی بی کے ساتھ نکاح کے حوالے سے عمران خان نے کہا ہے کہ قرآن پر ہاتھ رکھنے کیلئے تیار ہوں بشریٰ کو اس دن دیکھا جس دن میرا نکاح ہوا۔
سائفر کیس میں جیل میں سماعت کے دوران 6 صحافیوں نے عمران خان سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔ صحافی نے سوال کیا کہ حالات بتاتے ہیں آپ کو طویل عرصے تک جیل میں رہنا پڑے گا۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں آپ کا کپتان آخری سانس تک لڑنے کیلئے تیار ہے۔مجھ سے نہ کوئی ملا نہ مذاکرات کیے۔ چھ فیصد کی گروتھ کو صفر پر لے آئے ہیں ۔ لوگ کیا پاگل ہیں انہیں نہیں پتہ کہ کون کیا کررہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جیل میں مرنا قبول کرلوں گا لیکن ڈیل کرکے ملک چھوڑ کر نہیں جاؤنگا، میری قوم کو جا کر بتا دیں کہ عمران خان آپ کے ساتھ بے وفائی نہیں کرے گا۔