ڈیفنس لاہور میں چند ہفتے قبل ہوئے کار حادثے کے کیس میں پولیس نے ملزم افنان کے والد کی گرفتاری مانگ لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کار حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی ہلاکت کے مقدمہ میں ملزم افنان کے والد شفقت اعوان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جہاں پولیس کی جانب سے ملزم افنان کے والد کی گرفتاری مانگی گئی ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ انوسٹی گیشن مکمل کر لی گئی ہے اور تفتیش میں ملزم قصوروار پایا گیا ہے، ملزم نے خود گاڑی کی چابی اپنے بیٹے کو دی جبکہ وقوعے کے وقت بھی ملزم موقع پر موجود تھا، اس لیے ملزم کی گرفتاری مطلوب ہے۔
دوران سماعت وکیل مدعی رانا مدثر عمر نے کہا کہ پولیس نے تفتیش مکمل کر لی ہے، عدالت قانون کے مطابق فیصلہ کر دے، البتہ عدالت نے ملزم کے وکیل کو کیس کی فائل کا جائزہ لینے کیلئے مہلت دے دی۔ سماعت کے بعد مرکزی ملزم افنان کے والد شفقت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی رحم کرے، ہم سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں، عدالت میں پیش ہوئے ہیں، عدالت میں تمام شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں، جو الزام ہمارے اوپر ہیں، وہ مدعیوں نے ثابت کرنا ہیں۔
ملزم کے والد نے مزید کہا کہ میڈیا درست خبر دیں، ہم نے کسی کو کوئی دھمکی نہیں دی اگر کوئی دھمکی ہے تو اس کو ثابت کریں اور پولیس کو آگاہ کریں اور جو جس نے کیا اس کو اس کی سزا ملنی چاہیئے، بچے نے جو نہیں کیا اس کی سزا بچے کو نہیں ملنی چاہیئے، میڈیا سچائی کو دیکھے، بچے سے زیادتی نہ کی جائے۔