فلسطین اسرائیل تنازعہ کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال گمبھیر ہوتی جا رہی ہے جس کے بعد خطے میں تناؤ کی صورتحال ہے۔ امریکا کا جنگی بحری بیڑا خطے میں بھیجا جا چکا ہے جبکہ چین، روس اور سعودی عرب بھی صورتحال کا باریک بینی سے جازئزہ لے رہا ہے اپنے اپنے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ممالک اقدامات کر رہے ہیں۔ ایسے میں پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس طغرل خلیج عدن میں تعینات کردیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستانی تجارتی جہازوں کو درپیش خطرات سے بچانے کیلئے پاک بحریہ نے پی این ایس طغرل کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کیا ہے۔ اس حوالے سے ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ پی این ایس طغرل کی تعیناتی کا مقصد پاکستانی تجارتی بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول پر باقاعدگی سے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔
پاک بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان مین مزید وضاحت کی گئی ہے کہ پاک بحریہ سمندر میں امن وامان کے قیام کیلئے کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت بھی کام کرتی ہے اور خطے میں بحری امن و امان کو برقرار رکھنے کے حوالے سے اپنی قومی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔