پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے اپنی ہی پارٹی کے نئے چیئرمین کا انتخاب چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما اکبر ایس بابر نے نئے چیئرمین گوہر علی سمیت عہدیداران کا انتخاب چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بے ضابطگی سے متعلق درخواست دائر کریں گے، انہوں نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کا حصہ اور بانی رہنما ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔
اکبر ایس بابرکا کہنا تھا کہ ہفتے کو الیکشن کمیشن کے دفتر میں چھٹی ہوتی ہے لہذا دفتر کھلنے پر پی ٹی آئی پارٹی الیکشن کے خلاف درخواست دائر کریں گے۔
خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن منعقد ہوئے اور انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل آن لائن مکمل کیا گیا۔ انتخابات میں بیرسٹر گوہر علی خان بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف منتخب ہو گئے جبکہ چوہدری پرویز الہی کو مرکزی صدر پی ٹی آئی اور عمر ایوب کو مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن میں ایک پینل سامنے آیا، قواعد کے مطابق اعلان کر رہے ہیں، قانون کی بالا دستی اور پاسداری پر ملک قائم ہوگا۔ آج پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن ہوئے، چیئرمین سمیت دیگر امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے تھے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے نئے چیئرمینبیرسٹر گوہر خان نے اپنے انتخاب کے فوری بعد پہلا بیان جاری کردیا ہے۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی اہم منصب ملنے پر پارٹی کا شکر گزار ہوں، اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھاؤں گا۔ پہلے پارٹی سربراہ کا فیصلہ ہی پوری پارٹی کا فیصلہ ہوتا تھا مگر عوام کی آواز سننی چاہئے، ہم بھی عوام کی آواز سنیں گے۔ پاکستان میں 175 سیاسی جماعتیں ہیں۔ آج تک کسی پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو ایسے منعقد نہیں کیا گیا۔ ہمارا الیکشن جیسے ہوا، ایسا کسی سیاسی جماعت کا نہیں ہوا۔