ملک بھر میں آج پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔ قیمتوں سے متعلق حکومتی فیصلہ اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی روشنی میں کیا جائے گا۔ اوگرا سمری پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو سفارش کی جائے گی اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔
ملک میں یکم دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات 7 روپے تک سستی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ ایسا بھی امکان ہے کہ قیمتیوں میں کمی نہ کی جائے موجودہ قیمتیں ہی برقرار رکھی جائیں۔ خیال رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 روز کے بجائے 7 روز بعد تعین کرنے کا پلان تیار کیا ہے البتہ آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن چئیرمین نے 7 روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کے تعین کے پلان کو مسترد کردیا تھا۔
آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن چئیرمین عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔ ہم نے 15 روز کے بجائے 30 روز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کے تعین کی تجویز دی تھی ۔ ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کے تعین سے پمپس ڈائی ہوجائیں گے، ایسے فیصلے نہ کئے جائیں جس سے مسائل پیدا ہوں۔