الیکشن کمیشن میں ملک میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے آئندہ عام انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ایڈوکیٹ فاطمہ نذر کی جانب سے درخواست جمع کروائی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات ملتوی کیے جائیں کیوں کہ عام انتخابات کی تاریخ دئیے جانے کے بعد سے بلوچستان میں سیکورٹی صورتحال نازک ہے اور موجودہ صورتحال میں الیکشن ہوں تو مطلوبہ ٹرن آوٹ ملنا ممکن نہیں ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مکران ڈویژن میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، دیہاڑی دار مزدوروں کے قتل، ٹارگٹ کلنگ، آئی ای ڈی بلاسٹ اور خودکش حملوں کی لہر بڑھ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کیچ اور گوادر میں گزشتہ تین ماہ کے دوران 61 دہش گردی کے واقعات میں 32 زندگیوں کے چراغ گل ہو چکے ہیں۔ بلوچستان میں بیشتر آبادی کو آمدرافت میں بھی مسائل کا سامنا ہے۔ ایسی صورتحال میں الیکشن ہوں تو مطلوبہ ترن آؤٹ نہیں ملے گا۔ اس لیے عام انتخابات ملتوی کردیے جائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں بڑا اضافہ ہو گیا ہے۔ ملک میں عام انتخابات کا اہم مرحلہ طے ہوگیا ہے ، الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں کی چھپائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار بھی جاری کردیے گئے ہیں جن کے مطابق پاکستان بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 2 کروڑ 20 لاکھ ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے اور اس وقت ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 75 لاکھ سے زائد ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان کے ہر ضلع کی نشستوں کے حساب سے ووٹر لسٹیں ترتیب دی جارہی ہیں اور بغیر تصویر کے ووٹر لسٹیں دسمبر کے پہلے ہفتے میں آر اوز کو بھیج دی جائیں جائیں گی جو کہ کاغذات نامزدگی کے اجراء اور ان کی جانچ پڑتال میں استعمال ہوں گی۔ بتایا گیا ہے کہ انتخابی مہم کیلئے امیدواروں کو صرف بغیر تصویر والی ووٹر لسٹیں دی جائیں گی اور تصاویر والی ووٹر لسٹیں صرف انتخابی عملے کو دی جائیں گی جوکہ جنوری میں آر اوز کو بھیجی جائیں گی۔