بنگلہ دیش کے سٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے سیاسی کیرئیر کا آغاز کر دیا ہے اور الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بنگلہ دیش کی سیاسی جماعت عوامی لیگ کی جانب سے اپنی امیدواری کی منظوری کے بعد شکیب الحسن پارلیمانی نمائندگی حاصل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی عوامی لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری جنرل بہاؤالدین نسیم نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ شکیب الحسن نے 2024ء کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ہفتے کے روز پارٹی سے نامزدگی فارم حاصل کیے تھے۔ شکیب ماگورا-1 حلقہ سے انتخاب لڑنے والے ہیں، جو ان کا آبائی شہر بھی ہے جبکہ بنگلہ دیش میں انتخابات 7 جنوری کو ہونے والے ہیں۔
جنرل بہاؤالدین نسیم نے بنگلہ دیش کرکٹ کے آل راؤنڈر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے ایک مشہور شخصیت کے طور پر ان کی حیثیت اور خاص طور پر ملک کے نوجوانوں میں بے پناہ مقبولیت کو اجاگر کیا ہے۔ خیال رہے کہ شکیب الحسن فی الحال 6 نومبر کو سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں انگلی کی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں، ان کی میدان میں واپسی تاحال غیر یقینی ہے۔