دوست کی جگہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والا دھرلیا گیا۔ لبرٹی سینٹر میں ڈرائیونگ ٹیسٹ لینے والے انسپکٹر عمران نے امیدوار کی جگہ ٹیسٹ دینے والے اس کے دوست کو دھر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے لبرٹی ڈرائیونگ سینٹر میں ایک امیدوار نے ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنے کےلئے اپنے شناختی کارڈ پر دوست کو بھیج دیا۔ بتایا گیا ہے فرخ اعجاز نامی امیدوار نے اپنے دوست عثمان کو ٹیسٹ کےلئے اپلائی کروایا، ٹیسٹ کے دوران مشکوک حرکات وسکنات پر ملزم کی بائیومیٹرک کروائی گئی۔
بائیومیٹرک شناختی کارڈ سے میچ نہیں ہوئی جس پر دونوں دوستوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کےخلاف تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج کر کے انہیں حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور نے انچارج لبرٹی سینٹر انسپکٹر عمران اور ساتھی وارڈن کو شاباش دی ہے۔
واضح رہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑیاں اور موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف ٹرئفک پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے بعد شہر کے تمام ڈرائیونگ سینٹرز پر شدید رش لگ گیا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے اپلائی کر رہے ہیں۔