کاروبار کا آغاز ہوتے ہی سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں 100انڈیکس پہلی مرتبہ 59 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔ آج سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 58 پزار 899 پوائنٹس پر تھا جس میں کچھ ہی دیر میں 526 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس 59 ہزار عبور کرتے ہوئے 59 ہزار 426 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ معاشی ماہرین کا کہناہے کہ 100 انڈیکس میں بہتری کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز 100 انڈیکس میں 701 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور انڈیکس 58 ہزار 899 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب صرافہ مارکیٹوں میں سونا مزید سستا ہو گیا ہے۔ ملک میں سونےکی فی تولہ قیمت آج 650 روپےکم ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 650 روپے فی تولہ کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونےکی قیمت 2 لاکھ 15 ہزار 850 روپے ہو گئی ہے۔ 24 قیرات 10گرام سونے کا بھاؤ 557 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 85 ہزار 57 روپے ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی منڈی میں بھی سونےکی قیمت 6 ڈالر فی اونس کم ہو کر ایک ہزار 996 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران درہم کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور درہم کی قیمت گر گئی ہے۔ درہم کی قیمت میں 80 پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد یہ 76.87 روپے پر فروخت ہو رہاہے جبکہ گزشتہ روز درہم 77.67 روپے پر بند ہوا تھا ۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں درہم کی قیمت فروخت 78.70 روپے ہے