سابق وزیراعظم عمران خان اس وقت اڑیالہ جیل میں قید ہیں اور انہیں قید میں 100 سے زیادہ دن ہو چکے ہیں۔ چار روز قبل خبر آئی تھی کہ امریکی سفیر نے عمران خان سے اڑیالہ جیل میں ملاقات کی ہے۔ اس حوالے سے اڈیالہ جیل میں چار روز قبل سابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات پر پہلی بار امریکی ھکومت کے ترجمان نے حکومتی مؤقف میڈیا کے سامنے رکھ دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے پاکستان میں امریکی سفیر کی جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات سے متعلق سوال پوچھا۔ اس سوال پر میتھیو ملر نے جواب دیا کہ کسی بھی سفیر کی ایسی ملاقات سے متعلق جاننے کے لیے میں تجویز کروں گا کہ آپ سفارت خانے سے رجوع کریں کیونکہ وہ اس معاملے میں زیادہ درست معلومات دے سکتے ہیں۔
ترجمان امریکی وزارت خارجہ میتھیو ملر نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا پہلے بھی کئی بار واضح کر چکا ہے کہ ہم پاکستان میں سیاسی عہدہ کے لیے کسی ایک امیدوار کی حمایت کے لیے کمر بستہ نہیں ہیں۔