پاکستان تحریک اںصاف کے وکیل شیر افضل خان مروت نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خاور مانیکا کا بیان جھوٹ قرار دیا ہے۔ عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نےکہا خاور مانیکا کابیان جھوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو جمہوریت کے بجائے تنزلی کی طرف لے جایا جارہا ہے، تحریک انصاف کو مائنس کرنے اور قائدین کےگھریلو معاملات پربلاجواز مداخلت کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خاور مانیکا نے جیو نیوز کے پروگرام میں شاہزیب خانزادہ کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے میرے خاندان کی عزت برباد کر دی، جس وقت میری بیوی بشریٰ بی بی گھر چھوڑ کے گئی تب میری بیٹی 7 یا 8 سال کی تھی اور وہ اب بھی رات کو تکیے کے نیچے سر رکھ کر روتی رہتی ہے، کئی دفعہ اپنی بیٹی کو تسلی دینے کی کوشش کی تو وہ کہتی ہے کہ بس ڈر گئی تھی۔ میری بیٹی نے اپنی ماں سے تب سے بات نہیں کی۔
خاور مانیکا نے کہا کہ جس دن سے بشریٰ بی بی عمران خان کی بیوی بنی، تب سے مجھے اور میرے بچوں کو ساری قوم کی گالیاں اور تنقید برداشت کرنا پڑی ہے لیکن میں نے سب کچھ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ رکھا تھا۔ میرا لائف سٹائل بالکل نہیں بدلا، میرا یک بیٹا دبئی میں نوکر ہے اور دوسرا بڑی مشکل گزارا کرتا ہے۔