بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے اپنے دل کے زخم سب کے سامنے کھول دیئے ہیں۔ خاور مانیکا نے جیو نیوز کے پروگرام میں شاہزیب خانزادہ کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے میرے خاندان کی عزت برباد کر دی، جس وقت میری بیوی بشریٰ بی بی گھر چھوڑ کے گئی تب میری بیٹی 7 یا 8 سال کی تھی اور وہ اب بھی رات کو تکیے کے نیچے سر رکھ کر روتی رہتی ہے، کئی دفعہ اپنی بیٹی کو تسلی دینے کی کوشش کی تو وہ کہتی ہے کہ بس ڈر گئی تھی۔ میری بیٹی نے اپنی ماں سے تب سے بات نہیں کی۔
خاور مانیکا نے کہا کہ جس دن سے بشریٰ بی بی عمران خان کی بیوی بنی، تب سے مجھے اور میرے بچوں کو ساری قوم کی گالیاں اور تنقید برداشت کرنا پڑی ہے لیکن میں نے سب کچھ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ رکھا تھا۔ میرا لائف سٹائل بالکل نہیں بدلا، میرا یک بیٹا دبئی میں نوکر ہے اور دوسرا بڑی مشکل گزارا کرتا ہے۔
خاور مانیکا نے زمین پر قبضے کے اُن تمام الزامات کی تردید کی جن کی وجہ سے انہیں گرفتار کیا گیا تھا اور اس بات کی بھی تردید کی ہے کہ انہوں نے کسی دباؤ میں آکر اپنی سابقہ بیوی اور ان کے شوہر عمران خان کے خلاف الزامات عائد کیے ہیں۔