ترجمان پاکستان تحریک انصاف رؤف حسن نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے سیاست کو کاروبار بنا رکھا ہے، مسلم لیگ ن کا شرمناک سفر ووٹ کو عزت دو سے ساڈی گل ہو گئی اے تک کا ہے۔ رؤف حسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میاں نوازشریف پاکستان میں بین الاقوامی اسٹبلشمنٹ کا نمائندہ ہے، بیرونی طاقتوں کی میاں نوازشرہف سے ڈیل ہوئی تا کہ وہ پاکستان سے اپنے مطلوبہ اہداف پورے کروا سکیں جبکہ عمران خان کا نظریہ اپنے عوام کی فلاح ہے، وہ کبھی نوازشریف کی طرح ان طاقتوں سے ڈیل نہیں کر سکتا جس سے اپنے ملک و قوم کا مفاد مجروح ہو۔
راؤف حسن نے مزید کہا کہ جس طرح ایک ثابت شدہ مجرم کو سہولت دی جا رہی ہے، ریاست کا یہ کردار مجرمانہ ہے اور جو صورتحال اس وقت ملک میں جاری ہے کیا پاکستان میں آئین و قانون یا اخلاقیات کا کوئی تصور قائم رہ جائے گا؟۔ چیئرمین عمران خان کو جبر و انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جھوٹے مقدمات کے نمائشی ٹرائلز میں تیزی لانے اور انصاف کے بنیادی حق سے محروم کرنے کیلئے ٹرائل کو غیرمعمولی سست روی کا شکار کرنے یا محفوظ فیصلوں کے ذریعے ان پر انصاف کے دروازے بند کرنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ قومی مجرم اور عدالتوں سے سزا یافتہ شخص کیلئے دستور، قانون اور جمہوریت کی لاشیں بچھا کر لندن معاہدے کے تحت اقتدار تک رسائی کی راہ ہموار کرنے کی ریاستی کوششیں داخلی استحکام، معاشی بحالی اور قومی ہم آہنگی و سلامتی کیلئے تباہ کن ہے۔