سونے کی قیمتیں گر گئیں۔ ایک تولہ سونے کی قیمت میں 1400 روپے کمی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی کے ساتھ ہی ملک میں سونا بھی سستا ہو گیا ہے۔ صرافہ مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں واضح کمی آئی ہے۔ بین الاقوامی منڈی میں بھی سونا سستا ہونے کی وجہ سے صرافہ مارکیٹوں میں سونا سستا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5ڈالر کی کمی سے 2001ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ اس باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ہفتے کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 1400روپے گھٹ کر 215100روپے ہوگئی اور دس گرام سونے کی قیمت 1200روپے گھٹ کر 184414 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کی سپیڈ کو بریک لگ گئی۔ کئی روز مسلسل اضافے کے بعد آج ڈالر کی قیمت میں کمی آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 88پیسے کمی سے 286.49، اوپن مارکیٹ میں 50پیسے گھٹ کر 288.25کا ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف معاہدے کے اثرات، اپریل میں جاری پروگرام ختم ہونے کے بعد نئے قرض پروگرام میں شمولیت کی راہ ہموار ہونے کی اطلاعات کے باعث ہفتے کے روز بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔