آشیانہ ریفرنس، احتساب عدالت نے شہبازشریف کی قسمت کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ واضح رہے کہ شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس 2018 میں دائر کیا گیا تھا جس میں بیورو کریٹس بھی نامزد تھے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا ہے۔ لاہور کی احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین نے آشیانہ اقبال کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر 10 ملزمان کو ریفرنس سے بری کردیا۔
عدالت نے اس ریفرنس میں جن تمام ملزمان کو بری کیا ان میں شہباز شریف کے علاوہ احد چیمہ، فواد حسن فواد، شاہد شفیق، بلال قدوائی، اسرار سعید، امتیاز حیدر اور عارف بٹ شامل ہیں۔ یاد رہے کہ دو مرکزی ملزمان ندیم ضیاء اور کامران کیانی کو عدالت پہلے ہی ریفرنس سے بری کرچکی ہے۔
آشیانہ اقبال ریفرنس میں نیب نے کہا تھا کہ 16 ہزار غریب شہریوں نے اس میں 61 کروڑ روپے جمع کرائے تھے، کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا، عدالت نے اس ریفرنس میں 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔