نواز شریف کے دورہ بلوچستان پر پی ٹی آئی کی شدید تنقید، ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ یہ جاتی امراء کے قزاق کی بلوچستان آمد اور سیاسی یتیموں کی یکمشت نیلامی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے سندھ ہاؤس کے بعد بلوچستان میں سجائی گئی مویشی منڈی کو سیاست پر غیرسیاسی و غیرجمہوری قوتوں کے قبضے کی نفرت انگیز مثال قرار دے دیا۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ عدالت سے سزا یافتہ قومی مجرم کی ریاستی سرپرستی میں سیاست میں واپسی کا بدنما اور بھونڈا کھیل عریاں سے عریاں تر ہوتا جارہا ہے، قوم جس مجرم اور اس کے لٹیرے خاندان سے اپنی لوٹی گئی دولت واپس نکلوانا چاہتی ہے اسے ریاستی چھتری میں لوٹ مار کے نئے دور کیلئے تیار کیا جارہا ہے، اسے وطن واپس لانے، کوئٹہ لے کر جانے اور ہمیشہ باپ کی تلاش میں رہنے والے سیاسی یتیموں کے ریوڑ کو ہانک کر اس کے سامنے جمع کرنے والوں کو قوم دیکھ اور پہچان رہی ہے، ماورائے آئین و قانون بندوبست کی بقا و دوام کیلئے سیاست اور جمہوریت کو بےآبرو کرنا ملک کے وسائل و اختیار پر آمرانہ قبضے کے منصوبے کا حصہ ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ برسوں سے بلوچستان کے عوام کو غربت، محرومی اور بدامنی کی آگ میں جلاکر ان کا مینڈیٹ بیچنے والوں کو ملک کے سب سے بڑے مجرم کی گود میں ڈال کر تباہی و بربادی کے نئے سلسلے کی صف بندی کی گئی ہے، عوام بندکمروں کی سازشوں کے شافی علاج کا بندوبست کئے بیٹھیں ہیں، ملک کے کسی کونے میں کسی بیمار کو محروم نہیں رکھا جائے گا، غیرجمہوری و غیرسیاسی ”باپ“ کی نالائق اور کرپٹ اولاد جہاں، جس بھی حیثیت اور قیادت میں عوام کے سامنے آئے گی کڑے محاسبے سے گزرے گی۔