نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے اسموگ کے حوالے سے کل اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سموگ کی وجہ سے اسکول اور مارکیٹس ہفتے میں 2 روز بند کیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کی صورتحال خطرناک ہو گئی ہے جس کے بعد ہسپتالوں میں مریضوں کا رش لگ گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق دل کے مریضوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے اشوب چشم اور انکھوں کے انفیکشن کے لیے عینک کا استعمال کریں۔ بچے اور نوجوان ماسک کا استعمال کریں غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تین سے چار بارشوں کے بعد سموک کا خاتمہ ہوگا۔ سموگ کے باعث سکولوں میں زیرتعلیم طلباء آنکھوں میں سوزش اور گلے میں خراش جیسی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔ والدین نے عدالتی احکامات کے مطابق فوری ہفتہ کی چھٹی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سکولوں میں سموگ کے باعث بچوں کو پہلے ہی ماسک پہن کر آنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں لیکن ہدایات کے باوجود سکولوں میں صرف 20 فیصد طلباء ہی ماسک کی پابندی کررہے ہیں۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تاحال عدالت کی جانب سے چھٹی دینے کے حوالے سے تحریری طور پر ہدایات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ تحریری ہدایات موصول ہونے پر ہی سکولوں میں چھٹی دینے کا فیصلہ کیا جائےگا۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے اسموگ کے حوالے سے کل اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سموگ کی وجہ سے اسکول اور مارکیٹس ہفتے میں 2 روز بند کیے جانے کا امکان ہے۔