عدالت عالیہ نے ہفتے میں دو روز ورک فرام ہوم کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں کہا کہ ہفتے کے روز تمام سکولز اور کالجز کو بند کر دیں۔ جسٹس شاہد کریم نے چیف سیکرٹری اور کمشنر لاہور پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری تو سوئے ہوئے ہیں، کمشنر لاہور دعوے کرتے ہیں لیکن کارکردگی کچھ نہیں، کیا حکومت کے پاس صرف یہ حل ہے کہ پورے پنجاب میں چھٹیوں کا اعلان کردیں؟ حالات خراب ہورہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے ڈی جی ماحولیات کو بھی تبدیل کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے انسداد سموگ سے متعلق عملی اقدامات نہ کرنے پر ڈی جی ماحولیات کے تبادلے کا حکم دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں کہا کہ مختلف علاقوں سے ویڈیوز آرہی ہیں، شیخو پورہ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنرز کا تبادلے کریں، ان افسران کو توہین عدالت کے نوٹسز بھی جاری کر رہا ہوں، لاہور کے دل میں ٹائر جلا کر برا حال کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ لاہور میں میں سموگ کا راج، ائیر کوالٹی انڈیکس بہتر نہ ہوسکا۔ بارش کے باوجود لاہور کی فضا تاحال انتہائی مضر صحت قرار دیدی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس مجموعی طور 381 پر پہنچ گیا ہے۔ لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں اس وقت دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ پہلی نمبر پر بھارت کا شہر دہلی ہے جسکا ائیر کوالٹی انڈیکس 430 ریکارڈ کیا گیا ہے۔