چینی کی قیمت میں 52 روپے فی کلو کی واضح کمی آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق چینی کی قیمت فی کلو 192 روپے سے کم ہو کر 140 روپے ہو گئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب حکومت کیجانب سے چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ پیش ہوئے، پنجاب حکومت کیجانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سمعیہ خالد افسران پیش ہوئیں اور شوگر ملز کیجانب سے ایڈووکیٹ علی سبطین فضلی اور شہزاد عطاء الہٰی ودیگر وکلا پیش ہوئے۔
سرکاری وکیل نے عدالت سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ فوڈکنٹرول ایکٹ کےمطابق چینی کو بنیادی ضرورت کادرجہ حاصل ہے، شوگر کنٹرول ایکٹ 1950 کے مطابق حکومت چینی کی قیمت مقرر کر سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے گندم اور آٹے کے ریٹ مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو آٹے کی قیمتوں میں 75 روپے کا ہوشربا اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد فی کلو آٹے کی قیمت 65 روپے سے بڑھا کر 140 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ گندم کا فی من ریٹ 4700 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ 10 کلو آٹے کے تھیلے کا ایکس مل ریٹ 1374 روپے مقرر کیا گیا ہے تاہم 10 کلو آٹے کے تھیلے کا پرچون ریٹ 1399 روپے مقرر ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 2022 میں گندم کا فی من ریٹ 2300 روپے تھا جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا ایکس مل ریٹ پر655 روپے میں دستیاب تھا، اسی طرح 2022 میں 10 کلو آٹے کا تھیلا پرچون میں 650 روپے میں فروخت ہوتا تھا جبکہ فی کلو آٹا 65 روپے میں ملتا تھا۔