نگران وفاقی وزیراعلاعات مرتضیٰ سولنگی کے صدرِ مملکت کے خط اور پی ٹی آئی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے حوالے سے دیے گئے بیان کا معاملہ، پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیر اطلاعات کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو دستیاب لیول پلئینگ فیلڈ کے معاملے پر حقائق مسخ کرنے کی شرمناک کوشش پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے خلاف جاری بدترین کریک ڈاؤن اور ریاستی دہشتگردی کو نظرانداز کرنا پرلے درجے کی بےحسی اور اندھے پن کی دلیل اور احمقانہ حرکت ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے آئینی کردار نبھانے اور آئین سے انحراف کی راہ پر گامزن کٹھ پتلی نگران بندوبست کو دستور کی راہ دکھلانے پر صدرِ مملکت کو نشانہ بنانے کی بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ نگران حکومت تحریک انصاف کے قائدین و کارکنان کوہراساں کرنے، انہیں جبری طور پرگمشدہ کرنے، ان کی رہائشگاہوں اور دفاتر پر غیر قانونی چھاپوں کا شرمناک سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، تحریک انصاف کے ذمہ داران اور کارکنان کو معمول کی سیاسی سرگرمی تک میں حصہ لینے کی اجازت نہیں۔ دوسری جانب عدالت سے سزا یافتہ ایک مجرم ریاستی سرپرستی میں لندن معاہدے کے تحت عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی مہم آگے بڑھا رہا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ اور یکساں حقوق فراہم کرنا نگران حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے جس سے یہ مجرمانہ انحراف کی مرتکب ہے، نگران وزیراطلاعات نہایت ہٹ دھرمی اور دیدہ دلیری سے جھوٹ بولنے کی بجائے اپنے گریبان میں جھانکیں اور زمینی حقائق پر نظر دوڑائیں، غیرجمہوری و غیر آئینی ایجنڈے کے نفاذ میں شرمناک سہولت کاری کی بجائے نگرانوں کا ٹولہ جمہوریت کے بقا و تحفظ کے حوالے سے اپنے آئینی فرائض پر توجہ مرکوز کرے۔