بشریٰ بی بی کیلئے مشکلات بڑھ گئیں۔ 190 ملین پاونڈز اسکینڈل کیس، نیب تحقیقات اہم مرحلے میں داخل ہو گئیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کا اسٹیٹس گواہ سے ملزمہ میں تبدیل ہو گیا۔ 13 نومبر کو بشری بی بی سے نیب میں بطور ملزمہ پوچھ گچھ کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں بشری بی بی کو بطور گواہ طلب کیا جاتا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش میں عدم تعاون پر نیب عدالت سے گرفتاری بھی مانگ سکتا ہے، پہلے نیب نے عدالت میں بشری بی بی کو گرفتار نہ کرنے کا بیان دے رکھا ہے، بشری بی بی کو ملزمہ شواہد کی روشنی میں بنایا گیا، نیب کی جانب سے ریفرنس بھی جلد عدالت میں دائر کئے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سینئر صحافی انصار عباسی کا کہنا ہے کہ نیب اس کیس میں بعض شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے، یہ شواہد مالی معاملات سے متعلق ہیں جن میں مبینہ طور پر بشریٰ بی بی کی جانب سے رقم وصول کیے جانے کی خبریں ہیں، اگر ان کی تصدیق ہوئی تو چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ کو گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے۔