پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام فارمیٹس کے کپتان بابر اعظم نے وائٹ بال کرکٹ (ون ڈے، ٹی20) میں کپتانی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بابر اعظم کے قریبی ذرائع کے مطابق 29 سالہ پاکستانی بیٹر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ اور اپنے قریبی احباب سے مشاورت کرتے ہوئے اپنی کپتانی کے مستقبل کے حوالے سے رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔
جمعہ کے روز کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں ٹریننگ کے دوران بابر اعظم نے رمیز راجہ سے مشورہ مانگا۔ کپتان کے طور پر برقرار رہنے کے بارے میں فیصلہ ان کی وطن واپسی پر مشاورت سے متاثر بھی ہو سکتا ہے۔ موجودہ حالات میں بابر اعظم خاص طور پر اپنے والد سے ملنے والے مشوروں کو اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سابق کرکٹرز کے طرز عمل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کو ان کے قریبی لوگوں سے مشورہ دیا گیا ہے جس میں انہیں کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کی قیادت سے دستبردار ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ البتہ ذرائع کے مطابق بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے فی الحال استعفیٰ نہیں دیں گے۔
دوسری جانب ورلڈ کپ 2023 سے پاکستانی ٹیم باہر ہو گئی ہے۔ آج پاکستان آخری میچ انگلینڈ کے خلاف کھیل رہا ہے اور انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے اور اب پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا کوئی امکان بھی نہیں بچا ہے۔