گیس کی قیمت میں اضافے کے بعد نگران حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ حکومت نے بجلی کی قیمت میں 40 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا ہے، بجلی کی قیمت میں اضافہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ماہ ستمبر سے ہوگا جبکہ وصولیاں نومبر میں کی جائیں گی، نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین اور کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہوگا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد گیس کے نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئےکم ازکم بل 1541 روپےمقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع مطابق وفاقی حکومت نے نان پروٹیکٹڈ گیس صارفین کیلئےکم ازکم بل 1541 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
مقررہ 1541 روپے کے علاوہ ٹیکسز بھی بلوں میں شامل کئے جائیں گے، گیس کی قیمت 801 روپے سے بڑھا کر 1541 روپے مقرر کی گئی۔ مذکورہ گیس کی قیمت، میٹر رینٹ اور فکس چارجز کی بنیاد پر قیمت مقرر کی گئی ہے۔