استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان سوموار کے روز تلمبہ میں معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل کی رہائشگاہ گئے جہاں انہوں نے مولانا طارق جمیل سے اُن کے جواں سال بیٹے کی نا گہانی وفات پردلی دکھ اورتعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم عاصم جمیل کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
جہانگیر خان ترین او رعبدالعلیم خان نے مولانا طارق جمیل سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے لئے بھی جواں سال صاحبزادے کی اچانک وفات سے بڑا کوئی صدمہ نہیں ہو سکتا اور وہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندان کو یہ نا قابل تلافی نقصان ہمت اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اس موقع پر عون چوہدری اور آئی پی پی کے مقامی رہنما بھی مولانا طارق جمیل سے تعزیت کرنے والوں میں شامل تھے۔
یاد رہے کہ مولانا طارق جمیل کے فرزند عاصم جمیل 29 اکتوبر روز سینے میں گولی لگنے کی وجہ سے جانبحق ہوگئے تھے۔ انکی نماز جنازہ 30 اکتوبر ان کے آبائی گاؤں تلمبہ میں ادا کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق ان کی موت کے وقت مولانا طارق جمیل فیصل آباد میں موجود تھے جہاں وہ رائونڈ اجتماع کی تیاریوں سے متعلق ایک اجلاس میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ عاصم جمیل کے بڑے بھائی مولانا یوسف "ایم ٹی جے برانڈ” کی طرف سے دیئے گئے لنچ میں شرکت کے لیے میانوالی گئے ہوئے تھے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی تعلیم کے سلسلے میں برطانیہ میں مقیم ہیں۔